بیجنگ: چین نے چاند کو تسخیر کرنے کے بعد وہاں اپنا جھنڈا لگا دیا۔ چین کے نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری تصاویر میں چینی پرچم کو چاند کی سطح پر ساکن دیکھا جاسکتا ہے کیوں کہ وہاں ہوا موجود نہیں اس لیے پرچم لہرا نہیں سکتا۔ گزشتہ سات برسوں میں چینگ فائیو کا مشن چین کی چاند پر ساتویں کامیاب لینڈنگ ہے۔
یہ تصاویر روبوٹک خلائی گاڑی چینگ فائیو پر لگے کیمرے سے لی گئی ہیں، جسے چاند کی سطح سے چٹانوں کے نمونے لانے کیلئے بھیجا گیا تھا۔ جمعرات کو خلائی جہاز نے زمین پر واپسی سے قبل یہ تصویر لی۔ چین کے دو سابقہ قمری مشنوں میں جھنڈوں کو چاند کی سطح پر لگایا نہیں جا سکا تھا۔
اس سے قبل بھی دو بار چاند پر جانے والے چینی مشنز میں چینی جھنڈا موجود تھا تاہم وہ چاند کی سطح پر نصب نہیں کیا گیا تھا بلکہ خلائی جہاز اور تحقیقاتی مشن میں استعمال ہونے والی گاڑی کی باڈی میں ہی کندہ تھا۔
چین کا یہ جھنڈا کپڑے سے تیار کیا گیا ہے اور اس کی چوڑائی 2 میٹر جبکہ لمبائی 90 سینٹی میٹر ہے جبکہ اس کا وزن ایک کلو گرام کے برابر ہے۔ جھنڈے کے ہر حصے کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ وہ موسمی شدت سے محفوظ رہ سکے۔
پراجیکٹ ڈویلپر چینگ چانگ کا کہنا تھا کہ زمین پر استعمال کیا جانے والا کوئی عام قومی پرچم چاند کا شدید ماحول برداشت نہیں کر سکے گا۔ چاند پر لینڈنگ کے پہلے چینی مشن ’چینگ تھری‘ کے دوران چین کے قومی پرچم کو دیکھا گیا تھا، اس دوران لینڈر اور روور نے ایک دوسرے کی تصاویر لی تھیں۔