واشنگٹن: شمالی کوریا کے حوالے سے قائم امریکی تھنک ٹینک نے انکشاف کیا ہے کہ چین نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن اور ان کے خاندان کے افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی ہے۔ تھنک ٹینک کے رکن ہیری کازیان نے یہ دعویٰ جاپان کے انٹیلی جنس ذرائع کی رپورٹس کی بنیاد پر کیا ہے۔
اپنے آرٹیکل میں ہیری کازیان کا کہنا ہے کہ چین نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن، ان کے خاندان اور دیگر اعلیٰ قیادت کو کورونا سے بچاؤ کی تجرباتی ویکسین فراہم کی ہے۔ تھنک ٹینک کے رکن نے دعویٰ کیا کہ چینی حکومت کی جانب سے گزشتہ 2 سے 3 ہفتوں کے درمیان شمالی کوریا کی اعلیٰ قیادت کو ویکسین مہیا کی گئی ہے۔
تاہم امریکی تھنک ٹینک کے رکن کے دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی یہ بات سامنے آئی ہے کہ کس چینی دواساز کمپنی کی ویکسین فراہم کی گئی۔
دوسری جانب چینی وزرات خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے ان رپورٹس پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا اور کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں سنا۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کسی کیس کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس نے پڑوسی ملک میں کورونا نہ پھیلنے کے امکان کو مسترد کیا ہے۔