چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’چین اور انڈیا اپنے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور دونوں کے پاس مذاکرات کے ذریعے معاملہ سلجھانے کا معقول نظام موجود ہے۔‘
سرکاری اخبار ’گلوبل ٹائمز'‘میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق چین نے انڈیا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکہ کی ثالثی کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے ’دونوں ممالک کو صدر ٹرمپ کی ایسی مدد کی ضرورت نہیں۔‘
ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے کہ ’دونوں ممالک کو امریکہ سے خبردار رہنا چاہیے جو خطے میں امن اور بھائی چارے کو بگاڑنے کے مواقع کی تلاش میں رہتا ہے۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو بار انڈیا اور چین کے درمیان سرحد پر جاری کشیدگی پر ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں۔