یمن میں ایک ایسا قبیلہ بھی موجود ہے، جسے اونچی چھلانگیں لگانے میں مہارت حاصل ہے۔ ان قبائل کو زرانیق (Zaraniq) کہتے ہیں، جس کے نوجوان ننگے پیر قد آور ریگستانی اونٹوں کے اوپر سے چھلانگیں لگاتے ہیں۔ یمنی قبیلہ اس کھیل کو اپنی قدیم روایت قرار دیتا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق یمن میں camel jumping کا کھیل 2 ہزار برس سے کھیلا جا رہا ہے، جس کی مقبولیت میں کئی سال سے جاری تنازع اور بحرانی کیفیت کے باوجود کمی نہیں آئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کیمل جمپنگ اب بھی یمن کی پہچان ہے۔
اس منفرد کھیل کا کوئی خاص دن یا تہوار نہیں۔ زرانیق قبیلے کے نوجوان مقابلے کیلئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں، کیونکہ یہی ان کا مشغلہ ہے۔ قبیلے کے نوجوان صحرائی جہازوں پر چڑھ کر چھلانگیں لگاتے ہیں۔ واضح رہے کہ اونٹ پر سے چھلانگ لگانا انجری کا سبب بن سکتا ہے۔
لہٰذا اونٹ کے کوہان سے جمپ لگانے کے امتحان پر پورا اترنے کے لیے زرانیق قبائل بچوں کو خصوصی تربیت دیتے ہیں، جس کے باعث یمنی نوجوان کیمل جمپنگ کے چیمپئن بن گئے ہیں۔ انہیں ”ٹالا“ نامی رقص کے ذریعے اونٹ کے کوہان سے چھلانگ لگانے کی ٹریننگ دی جاتی ہے، جس کی بدولت ٹانگوں کے پٹھے مضبوط اور متوازن ہو جاتے ہیں۔
اس قبیلے کے نوجوان صدیوں پرانے اس کھیل کی روایت کو بر قرار رکھتے ہوئے ریگستان میں کھڑے ایک یا اس سے زائد اونٹوں کے اوپر سے چھلانگیں لگاتے ہیں، جن کا اوسط قد 9 سے 11 فٹ کے درمیان ہوتا ہے۔ ایک مقابلے میں زیادہ سے زیادہ 5 اونٹوں کے اوپر سے چھلانگ لگائی جا سکتی ہے اور سب سے زیادہ مرتبہ جمپ لگانے والے کو فاتح قرار دے دیا جاتا ہے۔
خانہ جنگی سے پہلے دنیا بھر کے سیاح ان روایتی کھلاڑیوں کو اونٹوں کے اوپر سے چھلانگیں لگاتا دیکھنے کے لیے یمن کا رخ کرتے تھے اور ان کی مہارت سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ تاہم اب یہ سلسلہ ختم ہو چکا ہے۔ البتہ اس کھیل کی مقبولیت دیگر ممالک میں بڑھ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ یمنی قبائل Tihama-al-Yemen کے صحرا میں بستے ہیں اور ان کی اکثریت غریب دیہاتیوں پر مشتمل ہے۔ یہی نہیں سب سے زیادہ مرتبہ کیمل جمپنگ کے مقابلے جیتنے والا چیمپئنBhayder Mohammed Yusef Qubaisi بھی ایک کمرے کی کٹیا میں رہتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یمن دنیا کا واحد ملک ہے، جہاں پیشہ ور کیمل جمپرز پائے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ کیمل جمپ کے علاوہ دنیا کے 3 کھیلوں میں اونٹوں کا استعمال کیا جاتا ہے، جن میں کیمل ریسلنگ، اونٹوں کی ریس اور کیمل پولو کے کھیل شامل ہیں۔
کیمل ریسلنگ روایتی طور پر ان ممالک میں منعقد کی جاتی ہے، جو نئے سال کے آغاز پر جشن مناتے ہیں۔ اونٹوں کی لڑائی کا وحشیانہ کھیل ترکی، افغانستان، ایران اور پاکستان میں بھی کھیلا جاتا ہے۔
اسی طرح عرب ممالک میں اونٹوں کی ریس کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے، جسے تفریح کے ساتھ ساتھ طاقت اور دولت کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا میں کیمل پولو کے مقابلے بھی کرائے جاتے ہیں۔