لوزین: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بریک ڈانسنگ کو باقاعدہ طورپر کھیل تسلیم کرتے ہوئے پیرس گیمز 2024ء میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔ بریک ڈانسنگ کو اولمپک میں بریکنگ کا نام دیا جائے گا اور 1970ء کی دہائی ہپ ہوپ تحریک نے امریکا میں شروع کیا تھا۔
امریکی خبر رساں ییجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اولمپک کمیٹی نے بریک ڈانسنگ کو میڈل کی فہرست میں شامل کرلیا ہے اور ایگزیکٹیو بورڈ نے اسکیٹ بورڈنگ، اسپورٹ کلائمبنگ اور سرفنگ کے ساتھ ساتھ بریک ڈانسنگ کو پریس گیمز کا حصہ بنانے کی تصدیق کردی۔
رپورٹ کے مطابق اسکیٹ بورڈنگ، اسپورٹ کلائمبنگ اور سرفنگ ٹوکیو گیمز میں پہلی مرتبہ شامل ہوں گے، جو کورونا کے باعث رواں برس ملتوی کردیے گئے ہیں اور اب شیڈول کے مطابق 23 جولائی سے 8 اگست 2021ء تک ہوں گے۔
اولمپک کمیٹی نے پیرس گیمز میں ان کھیلوں کو شامل کردیا ہے لیکن ٹوکیو کے مقابلے میں 10 گیمز کم ہوں گے اور 2024ء میں دنیا بھر سے مجموعی طور پر 10 ہزار 500 ایتھلیٹ حصہ لیں گے جو ٹوکیو گیمز کے مقابلے میں 600 کم ہے۔ ویٹ لفٹنگ اور باکسنگ میں ایتھلیٹس کی تعداد کو بڑی حد تک کم کردیا گیا ہے۔
پیرس میں ویٹ لفٹنگ کے 120 ایتھلیٹ ہوں گے، جو ریوڈی جنیرو گیمز 2016ء کے مقابلے میں نصف کم ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایتھلیٹس کی تعداد ڈوپنگ کے تاریخی مسئلے کی وجہ سے کم کر دیا گیا ہے اور اولمپک کمیٹی کو انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی اصلاحات پر تشویش ہے۔