کراچی: لیدر سیکٹر سے وابستہ صنعتکاروں کے DLTL کی مَد میں 1.7 ارب روپے 10 دن میں ادا کردیئے جائیں گے، جبکہ ڈیوٹی ڈرا بیک میں 2.5 ارب روپے تین مراحل میں ادا کئے جائیں گے۔ یہ بات وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اسلام آباد میں پاکستان لید رگارمنٹس مینوفیکچرراینڈ ایکسپورٹر ایسوسی ایشن (پلگمیا) کے چیئرمین دانش خان کی سربراہی میں لیدر انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں پر مشتمل وفدسے ملاقات کے موقع پر کہی۔
پلگمیا وفد میں فواد اعجاز خان، عرفان اقبال جبکہ چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات وقار مسعود، مشیر تجارت رزاق داؤد، سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی اور سیکریٹری تجارت صالح فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چمڑے کی صنعت سے وابستہ ایکسپورٹر ز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ صنعتکار ملکی برآمدات کو بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے حکومت صنعتی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
پلگمیاکے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ سے درپیش مسائل سے متعلق فوری احکامات جاری کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پلگمیا دانش خان نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا کی معاشی حالت پر منفی اثر ات مرتب ہوئے ہیں لہذا برآمداتی شعبے میں ترقی کے لئے DLTL اسکیم کو سال 2025-26 تک بڑھادیا جائے جبکہ کوویڈ کے خاتمے تک فریٹ سبسڈی میں بھی ریلیف مہیا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارایف بی آر کے چیئرمین جاوید غنی کی سربراہی میں خود کار نظام کے تحت سیلز ٹیکس اورکسٹم ڈیوٹی ڈرا بیک میں بہت بہتری آئی ہے جو کہ بہت خوش آئند ہے۔
چیئرمین پلگمیا دانش خان نے کہا کہ وزیر اعظم کے صنعتی فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے اسی سمت میں اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے صنعتکاروں اور حکومتی معاشی ٹیم کے درمیان مسلسل رابطوں کے باعث معیشت میں بہتری اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوسکے گا۔