اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کے معاملے پر پی ٹی آئی حکومت ہٹ دھرمی پر اُتر آئی۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا تو کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ حکومت کی آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے، جیسے ہی موقع ملے گا آئی ایم ایف کا پروگرام بحال کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے باوجود آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنا ضروری ہے جبکہ کوشش کریں گے کہ بجلی کی قیمت کم سے کم بڑھائيں لیکن اضافہ کرنا پڑا تو کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے صنعت و پیدوار حماد اظہر نے پاکستان اسٹیل ملز سے ہزاروں ملازمین نکالنے کے حکومتی فیصلے کا بھی دفاع کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل ملز قومی اثاثہ ہے لیکن ماضی میں جو ہوا وہ کرپشن کی کہانی ہے، اس کو سیدھا کرنے کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔