کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی و عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی لائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بجلی کا ایک بڑا حصہ تیل سے حاصل کیا جاتا ہے اور اب اس کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی آگئی ہے اس لیے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف دینے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں بھی 25 سے 30 فی صد کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نرخوں میں کمی کے سبب گریلو صارفین پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم نے کورونا وائرس جیسے عالمی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے صحت اور معیشت دونوں محاذوں پر قابل تعریف حکمت عملی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کا واحد راستہ صنعتوں کا فروغ جس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت ہے جس کا بڑا حصہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں صرف ہوتا ہے۔
شیخ عمر ریحان نے کہا کہ اس بحران میں حکومت کو توانائی کے شعبے میں صنعتوں کے اضافی اخراجات کم کرنے کا موقع ملا ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والا معاشی بحران ابھی شروع ہوا ہے۔ آئندہ چند ماہ میں اس کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے اس لیے صنعتی پیداوار کو رواں دواں اور برآمدات کو سہارا دینے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس بحران میں پہلے دن سے معاشی صورت حال پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور حقیقت پسندانہ اپروچ اپنائی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ بالخصوص صنتعوں کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کرنے سے ملک کو آئندہ کے معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے تیار ہونے میں مدد ملے گی۔