اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کے مارے شہریوں پر ایک اور بم گراتے ہوئے بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے بجلی مہنگی کرنے کا ذمہ دار بھی پچھلی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت آنے والی حکومت کے لیے معاشی بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی۔
عمر ایوب کا کہنا ہے کہ کمپلسیو پیمنٹس کا جال بچھا ہوا تھا اور سب سے زیادہ جبری ادائیگیاں اور گردشی قرضے پاور سیکٹر میں تھے، اگر ن لیگ کی پالیسی جاری رہتی تو بجلی 2 روپے 60 پیسے فی یونٹ منہگی ہونی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے بدنیتی کے ساتھ پاور کمپنیوں سے معاہدے کیے۔
وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ جب ن لیگ والے حکومت چھوڑ کرگئے تو یہ کمپلسیو ادائیگیاں 900 ارب روپے سالانہ سے زیادہ تھیں۔
خیال رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گذشتہ ماہ ہی 30 دسمبر کو بجلی کی قیمت میں ایک روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دی تھی۔