سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی سفاکانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع جموں میں قابض فوج نے چار نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ کشمیریوں نے بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی۔
غاصب بھارتی فوج چن چن کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ٹرک میں سوار چار نوجوان ہائی وے پر جموں سے سری نگر جا رہے تھے کہ قابض فوج کے اہلکاروں نے انہیں ناگ روٹا ٹول پلازہ پر گھیرے میں لے کر فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ بھارتی فوج سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ قابض فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی گئی۔
خیال رہے کہ بھارت نے رواں برس اکتوبر تک 234 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے چودہ افراد کو دوران حراست شہید کیا گیا۔ دوسری طرف دلی سرکار نے49 اضافی بٹالینز مقبوضہ کشمیر میں تعینات کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔