لکھنو: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر باغپت میں ایس ایس پی نے مسلمان پولیس اہلکار کو داڑھی رکھنے کے جرم میں ملازمت سے معطل کردیا۔ باغپت کے جنپد کے رامالا تھانے میں تعینات سب انسپکٹر انتصار علی کو بغیر اجازت لمبی داڑھی رکھنے کے الزام میں پولیس سپرنٹنڈنٹ نے معطل کرتے ہوئے پولیس لائن بھیج دیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ انتصار علی کو تین مرتبہ داڑھی کٹوانے کی وارننگ دی گئی تھی۔ ساتھ ہی انہیں داڑھی رکھنے کیلئے محکمہ سے اجازت لینے کو بھی کہا گیا تھا لیکن گزشتہ کئی ماہ سے انسپکٹر انتصار علی حکم کو نظرانداز کرتے ہوئے داڑھی رکھے ہوئے تھے۔ باغپت کے ایس پی ابھشیک سنگھ نے داڑھی رکھنے پر سب انسپکٹر کو معطل کردیا۔
ایس پی ابھشیک سنگھ کے مطابق پولیس مینول کے مطابق پولیس اہلکار داڑھی نہیں رکھ سکتا اور اگر کوئی رکھنا چاہتا ہے تو اسے انتظامیہ سے اجازت لینی ہوگی۔ ان کے مطابق سب انسپکٹر انتصار علی نے اجازت لئے بغیر ہی داڑھی رکھ لی جس کی شکایت ملنے پر اُنہیں نوٹس جاری کی گئی ہے لیکن انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔
ضابطہ شکنی کرنے پر ان کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ سہارن پور کے رہائشی انتصار علی یوپی پولیس میں ایس آئی کے عہدے پر تھے اور گزشتہ تین برس سے باغپت میں ہی ڈیوٹی کر رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے پہلے انہیں رمالا تھانے میں تعینات کیا گیا تھا۔