کوئٹہ (پ ر) ممبر پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر محمدشفیق اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر قابوپانے کیلئے صنعتوں کا فروغ بہت ہی ضروری ہے جبکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتوں کو سستی اور بلاتعطل بجلی و گیس فراہم کی جائے۔گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچول فورم کے ممبر محمد شفیق اچکزئی نے کہا کہ حکومت صنعتوں کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کرے ، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں بیمار صنعتوں کی بحالی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھائے کیونکہ صنعتی اداروں کی بحالی سے معیشت کا پہیہ چلے گا اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر محمدشفیق اچکزئی نے کہا ہے کہ حکو مت کو گیس و بجلی کے ٹیرف پرنظر ثانی کرنا ہو گی ان کی قیمتوں میں کمی کیلئے خصوصی پیکیج اور ٹیکسوں میں کمی کا اعلان کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حکومتی ریونیو میں اضافہ سے حکومت مالی بحران سے نمٹ سکے،پاکستان میں برآمدات بڑھانے کا پو ٹینشل موجود ہے لیکن بجلی وگیس کے زیادہ نرخ اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پیداوار اور کاروبار کرنے کی لاگت زیادہ ہونے کے باعث صنعتی شعبہ مشکالات کا شکار ہے،کاروباری لاگت کو کم کرنے کےلئے صنعت و تجارت سے درآمدی اور برآمدی اشیاءپر غیر ضروری بوجھ کو کم کیا جائے جبکہ حکومت برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کےلئے ضروری ہے کہ صنعتوں کو سستی اور بلا تعطل بجلی و گیس کی فراہم کی جائے اور غیر ملکی قرضوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے حکومت برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دے ۔