کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل (بی این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ 2 روز میں بی این پی کے مرکزی رہنما جان محمد گرگناڑی بازیاب نہ ہوئے تو 22 دسمبر کو بلوچستان بھر میں شاہراہیں بلاک کردیں گے۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم حکومت کو دو دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں اگر دو روز میں جان محمد گرگناڑی بازیاب نہ ہوئے تو بلوچستان بھر میں قومی شاہراہوں کو بلاک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اتحاد سے الگ اور بلوچستان کے حقوق کی بات کرنے پر بی این پی کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ گوادر کو باڑ لگا کر بلوچستان سے الگ کیا جارہا ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان ایک ہے۔ شمالی اور جنوبی بلوچستان نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ اس تقسیم کرنے والے خود ختم جائیں گے۔