بولان: صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ افسوسناک واقعہ ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں پیش آیا، جہاں عسکریت پسندوں نے کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے کان کنوں کو اغوا کرکے وحشیانہ کارروائی کی۔
غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ جاں بحق کان کنوں کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا۔ واقعے کے بعد پولیس، ایف سی اور انتظامیہ کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جبکہ قریبی کوئلہ کانوں کے مشتعل مزدور جمع ہوگئے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ فائرنگ کے واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ عسکریت پسند کان کنوں کو اغوا کر کے قریبی پہاڑیوں میں لے گئے اور انہیں فائرنگ کرکے زخمی کر دیا، جن میں 11 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہیں۔ زخمی کان کنوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈپٹی کمشنر کچھی مراد کاسی نے فائرنگ کے واقعے میں 11 کان کنوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوسناک واقعہ گشتری کے علاقے میں پیش آیا۔ مراد کاسی کا کہنا تھا کہ زخمیوں اور لاشوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔