کوئٹہ(وائسۤ آف ایشیا) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کو ئٹہ سے تعلق رکھنے والی کراٹے کی ہونہار کھلاڑی معصومہ بلیک بیلٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق رواں برس فروری میں جاپان کراٹے ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زےر اہتمام کراچی میں کراٹے ٹریننگ کیمپ منعقد ہوا ۔جس میں جاپان سے تعلق رکھنے والے کراٹے کے سابق ورلڈ چمپئن ماسٹر شیہان کاتسوتوشی شینا 7 ڈان نے کھلاڑیوں کو کراٹے کھیل کی بنےادی تکنیک،کھیل میں آنے والی جدت اور قوانین بارے آگاہی دی۔اس کراٹے ٹریننگ کیمپ میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی ہونہار کھلاڑی معصومہ نے بھی شرکت کی تھی اور اپنی شاندار پرفارمنس کی بدولت بلیک بیلٹ (شودان) کا امتحان پاس کرکے بلیک بیلٹ حاصل کرنے والی کم عمر کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
معصومہ نے پانچ سال کی عمر میں علمدار روڈ پر واقع تاجئی خان سپورٹس کمپلیکس میں سینسی حسین علی چنگیزی اور سینسی عبداللہ چنگیزی کی زیر نگرانی کراٹے کھیلنا شروع کیا تھا۔کراٹے کی ہونہار کھلاڑی معصومہ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل سینسی عبداللہ چنگیزی کی صاحبزادی ہیں۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر سینسی حسین علی چنگیزی اور کراٹے کے معروف کوچ سینسی نصراللہ ہزارہ نے معصومہ کو کم عمری میں بلیک بےلٹ حاصل کرنے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصومہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے جنھوں نے کراٹے کے مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے گولڈ ،سلور اور براﺅنز میڈلز حاصل کئے۔