بہاول نگر۔ ڈپٹی کمشنر محمد شعیب خان جدون نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں اور رمضان المبارک میں مصنوعی گرانی اور فروٹس کی ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت اقدامات کریں۔ وہ ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد،اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر منور حسین مگسی اور بہاول نگر کے پی سی ایمز اور دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ اپریل میں ابتک پرائس مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں سات سو دس دکانداروں کو آٹھ لاکھ سولہ ہزار پانچ سو پچاس روپے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ سات مقدمات کا اندراج اور 73افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کے علاوہ قیمت پنجاب اور سٹیزن ریلشن شپ مینجمنٹ ایپ پر شکایات کے ازالہ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع میں پرائس کنٹرول کی مانیٹرنگ کے لیے ہفتہ میں دو مرتبہ اجلاس منگل اور جمعہ کے دن منعقد ہونگے۔