لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی تک کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ نے رواں برس مئی میں بابر اعظم کو ایک برس کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا اور پھر نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور دیگر ٹیموں کے خلاف شیڈول سیریز میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کپتان برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کرنا تھا۔
تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اب نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہو چکا ہے۔ 2021 میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے 22-2021 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میزبان کا اعلان نہیں کیا گیا۔
باہر اعظم کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ وہ بطور کپتان زیادہ اچھے بیٹسمین ثابت ہوئے ہیں۔ بابر اعظم ون ڈے کے بھی کپتان ہیں اور وہ پہلی مرتبہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔