پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ایک روزہ میچوں کے لیے بھی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق بابر اعظم کو ایک روزہ میچوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
بابراعظم پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے بھی کپتان ہیں جب کہ اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ واضح رہے کہ بابراعظم سے قبل سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کے کپتان تھے، جن کی اب مرکزی معاہدے بھی بھی ایک درجہ تنزلی کردی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے اٹھارہ قومی کرکٹرز کو سنٹرل کنٹریکٹ پیش کیا گیا ہے۔ بابر اعظم کی کیٹگری اے میں جگہ برقرار ہے جبکہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی کٹگری اے میں ترقی ہوئی ہے۔بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی اظہر علی کریں گے۔ نوجوان فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی بھی کٹگری اے میں شامل ہوگئے ہیں۔بی کیٹگری میں 9 قومی کرکٹرز شامل ہیں، سابق وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد اور یاسر شاہ کی سنٹرل کنٹریکٹ میں ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ دونوں کیٹگری بی میں آ گئے ہیں۔اس کے علاوہ عابد علی، محمد رضوان، شان مسعود، اسد شفیق، حارث سہیل،
محمد عباس اور شاداب خان بھی بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔امام الحق کی تنزلی ہوئی ہے وہ فخر زمان اور عثمان شنواری اور آل راونڈر عماد وسیم کے ساتھ سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔افتخار احمد اور نسیم شاہ کو پہلی مرتبہ سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے ان دونوںکھلاڑیوں کو کیٹگری سی دی گئی ہے۔ جبکہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر کو کسی بھی کیٹگری میں شامل نہیں کیا گیا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ شاید اب فاسٹ بالر محمد عامر دوبارہ کبھی قومی ٹی 20 ٹیم میں بھی جگہ نہیں بنا سکیں گے۔
نوجوان کرکٹرز کی کیٹگری میں محمد حسنین، حارث رؤف اور حیدر علی کو شامل کیا گیا ہے۔