پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لیتے ہوئے اظہر علی کو ٹیسٹ، جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا ہے۔
سرفراز احمد اب دورئہ آسٹریلیا کے موقع پر ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتانی فرائض انجام نہیں دیں گے۔ جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاید وہ ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا ہی نہ جائیں، کیونکہ تمام فارمیٹس میں ان کی انفرادی کارکردگی بھی انتہائی خراب رہی ہے۔ جس کے باعث انہیں ٹیم میں شمولیت کے لالے پڑگئے ہیں۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور سے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سے فارغ کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ اس امر کا اعلان فی الحال اس لئے نہیں کیا گیا کیونکہ قومی ٹیم نے دورئہ آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز نہیں کھیلنی۔ پاکستان کا دورئہ آسٹریلیا دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل ہوگا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسی دورے میں کھیلے جانے والے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بابر اعظم قومی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔
پی سی بی کے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیزن 20-2019 میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں اظہر علی ہی پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ جبکہ آئندہ برس 2020ء میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بابر اعظم قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
بیان کے مطابق گزشتہ کچھ سیزیر میں مجموعی طور پر سرفراز احمد کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا۔ کپتانی سے ہٹائے جانے والے سرفراز احمد نے اعلامیے کے فوری بعد نئے کپتانوں اظہر علی اور بابر اعظم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، جس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ بورڈ یا چیف سلیکٹر کم ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سرفراز کو اپنے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 21 نومبر سے 3 دسمبر تک آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، پہلا ٹیسٹ برسبن جبکہ دوسرا ایڈلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ اسہ طرح آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 3 سے 8 نومبر تک کھیلی جائے گی۔