پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین محمد اسد شمیم انگلینڈ اور متحدہ عرب امارات میں فٹ بال کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دیں گے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن سیون (IFA7 ) نےبرطانیہ میں فرنیچر ان فیشن کے سب سے بڑے آن لائن فرنیچر اسٹورز میں سے ایک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین اور کھیلوں سے بے پناہ محبت کرنے والے شخص محمد اسد شمیم کو متحدہ عرب امارات(یو اے ای) اور برطانیہ کیلئے نائب صدر مقرر کردیا ہے۔انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن سیون (IFA7 )کے صدر ڈینیل بالکورٹا کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن سیون کی گورننگ باڈی نے اسد شمیم کو متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کیلئے نائب صدر مقرر کیا ہے۔” ہم اسد شمیم کے IFA7 ٹیم میں شامل ہونے پر خوش ہیں“ امید ہے کہ اسد شمیم فٹ بال کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اسد شمیم کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن سیون (IFA7 ) نے مجھے فٹ بال کی ترقی کیلئے نائب صدر برائے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) اور برطانیہ بنا کرجو اہم ترین ذمہ داری سونپی ہے میں اس کو پوری ایمانداری کے ساتھ نبھاﺅں گا،فٹ بال کے فروغ کیلئے گراس روٹ لیول پر محنت کرنا بہت ہی ضروری ہے اور اس حوالے سے دیگر ذمہ داروں کے ساتھ ملکر ایک پلان مرتب کروں گا تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جا سکے۔