پاکستان کو ’’میرے پاس تم ہو‘‘ جیسے کامیاب سیریلز دینے والے مصنف خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں ایک ٹاک شو کے دوران کہا ہے کہ وہ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پاکستان میں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھنی شروع کردی ہے۔
ترک مسلمانوں کی تیرہویں صدی میں اسلامی فتوحات پر مبنی ترکش ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردئیے ہیں۔ اس ڈرامے کو نہ صرف یوٹیوب پر لوگ بے تحاشہ پسند کررہے ہیں بلکہ یہ ٹوئٹر اوریوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے اورپاکستانی سوشل میڈیا تو اس ڈرامے کے کردار و مکالموں سے بھرا پڑا ہے۔
’’ارطغرل غازی‘‘ کو محض دو ہفتوں میں پاکستان میں اتنی زیادہ مقبولیت ملی ہے جتنی کہ ترکی میں 5 سال میں بھی نہیں ملی تھی۔ پاکستان میں اس ڈرامے کی روزبروز بڑھتی مقبولیت کے پیش نظر نجی ٹی وی چینل کی اینکر نے اپنے ٹاک شو میں خلیل الرحمان قمر کو مدعو کیا اور ان سے پوچھا کہ کیا آپ ارطغرل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی کہانی پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں؟ جس پر خلیل الرحمان قمر نے کہا بالکل میں سوچ رہاہوں اور 3 روز قبل میں نے ہمایوں سعید سے اس موضوع پر بات بھی کی تھی جس کے بعد ہم نے ارطغرل کی طرح کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
خلیل الرحمان قمر نے مزید کہاہماری حدود بہت ہیں اور ہمیں اس طرح کا طعنہ اس لیے نہیں دیا جاسکتا کہ ہمارے پاس صرف وسائل کا پرابلم ہے ورنہ ہمارے پاس بہترین اداکاروہدایت کار اور بہترین دیکھنے والے موجود ہیں۔ خلیل الرحمان کی اس بات پر شو کی میزبان نے کہا خلیل صاحب آپ اس وقت یہ خبر دے کر کہ آپ ’ارطغرل‘ کی طرح کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں پاکستانیوں کو خوشخبری دے رہے ہیں۔ میزبان کی اس بات پر خلیل الرحمان نے کہا میں صرف سوچ نہیں رہا بلکہ میں اس پراجیکٹ کو کل سے لکھنا شروع کررہاہوں۔
واضح رہے کہ ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان میں دھوم مچادی ہے پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل (ٹی آر ٹی ارطغرل بائے پی ٹی وی) پر اس ڈرامے کی پہلی قسط کو صرف دو ہفتوں میں 13 ملین یعنی ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ جب کہ ترکی میں اس ڈرامے کی پہلی قسط کو 5 برسوں میں 12 ملین ویوز یعنی ایک کروڑ 20 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔