پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول ترین اور متحرک فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز کا ہونا بہت ضروری ہے، اگر یہ میچز نہ ہو ئے تو پھر پی ایس ایل 6 پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔
پی ایس ایل فائیو مارچ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہو ئے کیسز کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی اور اب صورت حال بہتر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔
اس ضمن میں ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہوئے لیکن اب اچھی خبریں یہ ہیں کہ پاکستان میں حالات بہتر ہیں، پاکستان میں قرنطینہ بھی زیادہ نہیں کرنا پڑتا اور زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کا قرنطینہ کر دیا گیا ہے جو کہ اچھی چیز ہے۔
سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ دوسرے ممالک میں اب بھی قرنطینہ 15 روز کا چل رہا ہے، اگر پاکستان میں بھی قرنطینہ 15 روز کا ہوتا تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کی حامی بھرتے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔
ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید نے کہا کہ 48 گھنٹوں کی وجہ سے اب کسی کھلاڑی کے لیے معذرت پیش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔