ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہی ملک کے انٹیلی جنس اداروں کی اس بات کو رد کردیا ہے کہ کورونا وائرس انسان کا بنایا ہوا نہیں ہے۔ انکا موقف ہے کہ کووڈ۔19 وائرس چین نے اپنی لیبارٹری میں تیار کیا ہے اور امریکہ و دوسرے ممالک کو تباہ کرنے کیلئے اسے دنیا بھر میں پھیلا دیا ہے۔اس سے قبل امریکی خفیہ ایجنسیاں یہ بیان جاری کرچکی ہیں کہ انہوں نے یہ تصدیق کر لی ہے کہ کووِڈ-19 ’انسان کا بنایا ہوا یا جینیاتی تبدیلی کے ذریعے بنایا ہوا وائرس نہیں ہے۔ تاہم امریکہ کے قومی انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ابھی یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ وائرس کیسے شروع ہوا۔ انٹیلی جنس اداروں کے برعکس امریکی صدر نے عندیہ دیا ہے کہ انھوں نے ثبوت دیکھے ہیں کہ کورونا وائرس ایک چینی لیبارٹری میں تیار کیا گیا۔البتہ چین لیبارٹری میں وائرس کی تیاری کے نظریے کو پہلے ہی مسترد کر چکا ہے اور کووِڈ-19 وائرس پر امریکی ردِعمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتا آیا ہے۔
یاد رہے امریکی صدر اپنے اچھوتے اور نت نئے بیانات اور رویوں کیلئے کافی شہرت رکھتے ہیں وہ کسی بھی وقت کچھ بھی بیان دے ڈالتے ہیں چاہے اسکا اثر ان کی سیاست یا ملکی و غیر ملکی صورتحال و تعلقات پر کیسے ہی اثرات مرتب کرے جسکی وجہ سے امریکی میڈیا بھی ان پر تنقید کرتا رہتا ہے۔