سویڈن کے ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ برس امریکہ نے سب سے زیادہ ہتھیار فروخت کئے ہیں، جبکہ سعودی عرب ہتھیار خریدنے والا سب سے بڑا ملک رہا ہے۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے کہا ہے کہ 2018 میں مشرق وسطی کے ممالک کیلئے امریکی ہتھیاروں کی فروخت میں اضافہ ہوا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے مشرق وسطی کے ممالک کو جتنے ہتھیار 2014 سے 2018 کے دوران فروخت کئے تھے، اس سے نصف سے بھی زائد ہتھیار اس نے صرف ایک سال یعنی 2018 میں ہی ان ممالک کو فروخت کئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2014 سے 2018 کے برسوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا نے سب سے زیادہ ہتھیار خریدے ہیں۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل بھی سب سے زیادہ ہتھیار فروخت کرنے والی حکومتوں میں شامل ہوگیا ہے اور اس نے سب سے زیادہ ہتھیار بھارت، ویتنام اور آذربائیجان کو فروخت کئے ہیں۔