کراچی: کرغزستان کے سفیر ایرک بیشمبیو نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مشترکہ تعلقات سے یورپ اور وسطی ایشیا میں اقتصادی مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقعے پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں، سینئر نائب صدر ذکی شریف، نائب صدر نگہت اعوان نے کرغز سفیر کا خیر مقدم کیا۔
ایرک بیشمبیو نے کہا کہ کرغزستان کے ذریعے پاکستان یورپ اور مشرقی وسطی میں اپنی تجارت کو فروغ دے سکتا ہے جب کہ زراعت، سیمنٹ، کان کنی، ٹیکسٹائل، فارما سیوٹیکل کے شعبوں میں دونوں ممالک کے جوائنٹ وینچرز کے لیے سنہری مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص زرعی مصنوعات کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے بیش بہا مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا کہ کرغزستان سے برادرانہ تعلقات پاکستان کے لیے قومی سرمائے کی حیثیت رکھتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں اضافے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
سلیم الزماں نے کہا کہ کرغزستان پاکستانی مصنوعات کی یورپ اور وسطی ایشیا میں رسائی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی کے مابین قریبی رابطے قائم ہوں تاکہ تجارتی و صنعتی میدان میں تعاون مزید بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے بحران نے علاقائی معاشی تعلقات کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے اور ہمیں اس حوالے سے نئے راستے تلاش کرنا ہوں گے۔ اس موقعے پر کاٹی کے اراکین کو بشکک فری اکنامک زون کے حوالے سے پریزینٹیشن بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر کاٹی کے سابق صدر احتشام الدین، سید واجد حسین، فراز الرحمن، ماہین سلمان اور دیگر نے بھی اظہارخیال کیا۔