کراچی: جمعیت اہلحدیث پاکستان کا اجلاس مرکز اہلحدیث میں چیف آرگنائزر مولا نا محمد یوسف سلفی کی زیر صدار ت منعقد ہوا جس میں امارات و بحرین کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے معاہدے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس معاہدے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ان ممالک کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مظلوم فلسطینیوں کے خون کا سودا کرنے کی بجائے ان کا ساتھ دیں۔
اجلاس سے مولانا محمد یوسف سلفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، آزاد فلسطین کا خواب ایک دن ضرور رنگ لائے گا اور تمام صیہونی طاقتوں اور ان کے سرپرست ملکوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام عرب ممالک کو چاہئے کہ وہ پاکستان و سعودی عرب کی طرح اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کر کے فلسطین کے مظلوم عوام اور عالم اسلام و امت مسلمہ سے یکجہتی کا اظہار کریں ورنہ صیہونی طاقتیں اور ان کا سرپرست امریکہ اپنی سازشوں کے ذریعے تمام عرب ممالک کو ایک ایک کر کے اپنے شکنجے میں جکڑ لے گا۔
اجلاس سے اہلحدیث یوتھ فورس کے ناظم حافظ حنیف سلفی، جمعیت طلباء اہلحدیث کے محمد جمیل یزدانی، رضوان خان، زاہد سلفی اور مولانا معاویہ سلیم و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔