آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے آغاز میں اب تقریباً ایک ماہ رہ گیا ہے اور شائقین میگا ایونٹ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ایسے میں کرکٹ کی عالمی ویب سائٹ نے اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپس کے 11 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ویب سائٹ کی جانب سے بنائی گئی آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں پاکستان کے دو کھلاڑی عمران خان اور وسیم اکرم شامل ہیں۔ عمران خان کو تاریخی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ اس ٹیم میں حیرت انگیز طور پر کوئی بھی انگلش اور کیوی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا۔ واضح رہے کہ کرکٹ کے موجد کہلائے جانے والے ملک انگلینڈ نے آج تک 50 اوورز کا ایک ورلڈ کپ نہیں جیتا۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ کی آل ٹائم الیون دنیا کی 6 ٹاپ ٹیموں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اس میں سب سے زیادہ 4 کھلاڑی آسٹریلیا کے ہیں، جن میں ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، شین وارن اور گلن میک گرا شامل ہیں۔ جبکہ سری لنکا کے دو کھلاڑی کمار سنگاکارا اور مرلی دھرن بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں بھارت کا صرف ایک ہی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ نے بھارت کے سچن ٹنڈولکر کو بطور اوپنر ٹیم میں شامل کیا ہے۔ جبکہ ویسٹ انڈیر کے سر ویوین رچرڈز اور جنوبی افریقہ کے لانس کلوزنر بھی آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں اپنی اپنی ٹیموں کے واحد نمائندہ ہیں۔