اسکردو: اسکردو میں مسافر کوچ لینڈ سلائڈنگ کی زد میں آ کر کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 18 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس نے حادثے میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جبکہ مقامی افراد اور ریسکیو رضاکاروں نے بتایا ہے کہ افسوسناک واقعہ میں تمام مسافر اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں۔
پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے حادثے کے مقام تونگوس پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 6 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر اسسٹنٹ کمشنر روندو معراج عالم کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح جاگلوٹ-اسکردو روڈ پر تنگوس کے علاقے میں راولپنڈی سے آنے والی مسافر بس پر پہاڑی تودہ آگرا جس کے نتیجے میں تمام مسافر ملبے تلے دب گئے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ بس کا رجسٹریشن نمبر ایل ای ایس-590 ہے جو گزشتہ شب راولپنڈی سے اسکردو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ معراج عالم نے کہا تھا کہ بس میں 18 مسافر سوار تھے۔
سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) روندو محمد حسن نے واقعے میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ 16 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ایس ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ڈرائیور اور کندیکٹر سمیت 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ تمام لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ دوسری جانب ایک مقامی شخص اقبال علی کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔