پاکستان کے علیم ڈار ورلڈ کپ 2019 کیلئے منتخب کئے جانے والے 16 ایمپائرز میں شامل ہیں۔ 50 سالہ علیم ڈار مسلسل پانچویں بار ورلڈ کپ ایمپائرز پینل کا حصہ بنے ہیں۔ یوں وہ یہ اعزاز پانے والے دنیا کے دوسرے ایمپائر ہیں۔ ان سے قبل سری لنکا کے رنجن مدوگلے بھی 5 ورلڈ کپ میں میچز سپروائز کر چکے ہیں۔ جبکہ رنجن مدوگلے کا یہ چھٹا ورلڈ کپ ہوگا۔
دوسری جانب انگلینڈ کے ایان گولڈ کا یہ آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ انہوں نے چند روز پہلے ایک بیان میں عندیہ دیا تھا کہ شاید ورلڈ کپ کے بعد وہ ایمپائرنگ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق ایونٹ کے 48 میچز کیلئے دنیا کے 16 بہترین ایمپائرز اور 6 میچ ریفریز پر مشتمل 22 رکنی آفیشل پینل کا انتخاب کیا گیا ہے، جو 30 مئی سے 14 جولائی تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں فرائض ادا کریں گے۔
سری لنکا کے کمار دھرماسینا، علیم ڈار، کرس جیفینی، ایان گولڈ، میرائس ایرسمس، رچرڈ النگ ورتھ، رچرڈ کیٹلبورو، نائیگل لونگ، بروس آکسنفورڈ، سُندرم روی، پال ریفائیل، راڈ ٹکر، جوئیل ولسن، مائیکل گوف، روچیرا پلیاگوروگے اور پال ولسن امپائرز کی فہرست میں شامل ہیں۔ جبکہ ایونٹ کے دوران کرس براڈ، ڈیوڈ بون، اینڈی پیکروفٹ، جیف کرو، رنجن مدوگلے اور رکی رچرڈسن میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق منتخب کردہ ایمپائرز پہلے مرحلے میں لیگ میچز میں فرائض انجام دیں گے، جبکہ سیمی فائنل اور فائنل کیلئے ناموں کا اعلان بعد میں ہوگا۔