افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کی عمارت کے قریب ہونے والے خود کش حملے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جبکہ دھماکے میں 95 زخمی ہوئے ہیں۔ افغان طالبان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے زابل صوبے کے دارالحکومت قلات میں این ڈی ایس کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا۔ جبکہ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حملے سے قلات کے اسپتال کا کچھ حصہ تباہ ہوگیا اور ایمبولینسز کو بھی نقصان پہنچا۔ حملے بعد زخمیوں کو قریبی صوبہ قندھار کے طبی مراکز میں منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کے حملے تیز۔ غنی حکومت کیلئے الیکشن درد سر بن گیا
صوبائی کونسل کے رکن حاجی عطا جان نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں محکمہ قومی سلامتی (این ڈی ایس) کے ٹریننگ کیمپ کی دیوار کو نقصان پہنچا۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ حملے میں کوئی اہلکار بھی زخمیوں میں شامل ہے یا نہیں۔ ادھر دھماکے کے بعد نشانہ بنائی گئی عمارت ملبے کا ڈھیر بنی ہوئی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ طالبان نے ایسے وقت پر افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا ہے جب امریکہ کے نمائندہ خصوصی خلیل زاد طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے حوالے سے امریکی قانون دانوں کو بریفنگ دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ جبکہ اسی دوران امریکہ نے بھی افغانستان میں اپنی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور صوبہ ننگرہار میں فضائی حملہ کیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی فضائی حملے کے باعث صوبہ ننگرہار میں 30 شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ حملے چلغوزے کے کھیت میں کئے گئے، جس سے 40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ غنی حکومت کے تین آفیشلز نے بتایا ہے کہ امریکی معاونت سے کئے گئے حملوں کا ہدف داعش کی خفیہ پناہ گاہیں تھیں، تاہم غلطی سے کاشت کار نشانہ بن گئے۔ ادھر وزارت دفاع نے بھی ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے، لیکن مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔