پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آصف اقبال نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو رواں سال نہ کرانے کا مطالبہ کردیا۔وہ سمجھتے ہیں کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے بعد جب دوبارہ کرکٹ شروع ہوگی تو کچھ تبدیلیاں کرنا پڑیں گی ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں صورتحال اچھی نہیں، اس لئے جلد بازی کے بجائے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور آئی پی ایل کو رواں سال منسوخ کر دینا چاہئے ۔
58 ٹیسٹ اور10 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 76سالہ آصف اقبال کے مطابق انہیں پوری امید ہے کہ کورونا وائرس مکمل ختم ہو جائے گا تو کرکٹ کا کھیل مزید نکھر کر سامنے آئے گا۔ وہ نہیں سمجھتے کہ اس سال بڑے ایونٹس جیسے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ممکن ہو سکتا ہے کیونکہ وبا کے باعث ٹیموں کی تیاریاں بھی مکمل نہیں۔
اس وقت کھلاڑیوں کی زندگیاں زیادہ اہم ہے لہذا جب تک صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی اس وقت تک رسک لینا نہیں چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ عظیم اول اور دوم میں بھی چند ممالک بری طرح متاثر ہوئے تھے لیکن اس کے بعد انہوں نے تیزی سے ترقی بھی کی، اس لئے جب کورونا وائرس سے باہر نکلیں گے تو چیزیں تیزی سے بہتر ہو جائیں گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے ، ایسے میں
کرکٹرز فائدہ اٹھاتے ہوئے ویڈیوز دیکھیں اور خود کو فٹ رکھنے کی کوشش کریں۔ انہوں کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ میں بھی صفائی کے نئے ضابطے لاگو ہوں گے جیسے کہ گیند پر تھوک یا پسینہ نہ لگانا ہے ۔