اے اے ایم نیشن کیئر نے نوجوان نسل کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ اور آرٹیفشل انٹیلی جنس پر معلومات سے بھرپور ”اے اے ایم نیشن کیئر ٹیک کانفرنس“ منعقد کی، جس کے مہمان خصوصی بانی معیز ٹیکنالوجی اے بی میاں زین زبیر (سویڈن) تھے۔ فرنیچر ان فیشن کے چیف ایگزیکٹو اسد شمیم نے انگلینڈ اور ڈیجیٹل اسپائیکس کے بانی محمد مہدی نے آسٹریلیا سے کانفرنس میں آن لائن شرکت کی۔ دیگر مہمانوں میں بانی مائی سلوشنز محمد یعقوب، پرنسپل پروفیشنل اسکلز اکیڈمی جمیل احمد پراچہ، اے اے ایم نیشن کیئر فاﺅنڈیشن کے بانی چیئرمین اور گوگل رینکنگ بہتر بنانے کے فن (ایس ای او) ایکسپرٹ اور ویب ڈویلپر عبداللہ امانت محمدی شامل تھے۔ الریان میرج ہال چونیاں میں منعقدہ ہونے والی ٹیک کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین صوبیدار میجر مقبول علی اور آرگنائزنگ سیکرٹری حسن تھے۔ ان کی معاونت انس اور عرفان نے کی۔ جبکہ باصلاحیت نوجوان عبدالواجد نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیئے۔
اے اے ایم نیشن کیئر ٹیک کانفرنس چونیاں کی تاریخ میں سب سے بڑی کانفرنس تھی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 600 کے قریب افراد نے شرکت کی، جس میں اکثریت نوجوانوں کی تھی۔ میاں زین زبیر (سویڈن) ،اسد شمیم (انگلینڈ)، محمد مہدی (آسٹریلیا)، محمد یعقوب، جمیل احمد پراچہ اور عبداللہ امانت محمدی نے ”ٹیک کانفرنس“ کے شرکا کو ڈیجیٹلائزیشن کی افادیت سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، مونیٹائزیشن، بی ٹوبی اور بی ٹوسی مارکیٹنگ، سرچ انجن آپٹیمائزیشن (ایس ای او)، کنٹینٹ مارکیٹنگ، سوشل میڈیا مارکیٹنگ، پی پی سی مارکیٹنگ، افیلی ایٹ مارکیٹنگ، نیٹو اشتہارات، مارکیٹنگ آٹومیشن اور ای میل مارکیٹنگ کی ضروری معلومات فراہم کی گئیں۔ بانی معیز ٹیکنالوجی اے بی میاں زین زبیر نے ٹیک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنیکل ایجو کیشن کے فروغ سے وابستہ ہے۔ ڈیجیٹل اسکلز کے ذریعے مرد و خواتین سمیت نوجوان نسل کو بلاامتیاز انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے نہ صرف بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر بھی گامزن کیا جاسکتا ہے۔ لہذٰا حکومت اس شعبے کی طرف توجہ دے۔