مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 72 رنز پر گری، فخر زمان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ 112 رنز پر گری اور کپتان بابر اعظم 56 رنز پر بلنگز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین شعیب ملک تھے جنہوں نے 14 رنز بنائے۔محمد حفیظ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ پاکستان نے مقرہ بیس اوورز میں 195 رنز اسکور کیے اور انگلینڈ کی ٹیم کو فتح کے لیے 196 رنز کا ہدف دے دیا۔جواب میں انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی پانچ اوورز میں 58 رنز بنالیے۔
اوپنرز بینٹن اور جونی بیئراسٹو نے اننگ کھیلی۔ بیراسٹو نے 24 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے جن میں دو چھکے اور چار چوکے بھی شامل ہیں۔ ٹیم کے 66 رنز کے اسکور پر وہ شاداب خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔شاداب خان نے اگلی گیند پر بینٹن کو بھی آؤٹ کردیا انہوں نے 20 رنز اسکور کیے۔ ان کے بعد آنے والے دونوں کھلاڑی ڈیوڈ میلان اورکپتان آئن مورگن کریز پر جم گئے اور دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 66 سے 178 تک لے گئے۔آئن مورگن نے چار چھکے اور چھ چوکے لگاتے ہوئے 33 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے وہ حارث کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلش کھلاڑی ڈیوڈ میلان نے 36 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ معین علی ایک اور بلنگزنے 10 رنز اسکور کیے۔انگلش ٹیم نے پاکستان کے 195 رنز کے جواب میں 19.1 اوور میں ہدف حاصل کرلیا اور 199 رنز اسکور کیے جب کہ اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر شاداب خان نے تین اور میڈیم فاسٹ بولرحارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
شاداب خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل وکٹوں کی ففٹی مکمل کرلی
مانچسٹر (واضح رہے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپن بولر شاداب خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں وکٹوں کی ففٹی مکمل کرلی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ کرکٹ گراؤنڈ میں تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں شاداب خان نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں وکٹوں کی ففٹی مکمل کرنے کااعزاز حاصل کیا، بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہنے والے اس مقابلے میں انہوں نے 2 وکٹیں لیں،شاداب خان نے یہ اعزاز 41 ویں میچ میں حاصل کیا، اس طرح وہ اس مقام پہنچنے والے تیسرے تیزرفتار پاکستانی بھی بن گئے ہیں جبکہ وہ اس سنگ میل پر پہنچنے والے پاکستان کے ساتویں کرکٹر ہیں، ان سے قبل شاہد آفریدی، عمر گل، سعید اجمل، محمد عامر، محمد حفیظ اور سہیل تنویر یہ کارنامہ انجام دے چکے۔
راشد لطیف کو رضوان میں مستقبل کے کپتان کی جھلک نظر آنے لگی
اسلام آباد (واضح رہے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کو نوجوان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان میں مستقبل کے کپتان کی جھلک نظر آنے لگی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر محمد رضوان انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوٹنی میچوں میں خاصے مستعد نظر آئے،قو می کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ انہیں تینوں فارمیٹ میں موقع دے رہی ہے،ہوسکتا ہے کہ وہ محمد رضوان میں مستقبل کا کپتان دیکھ رہے ہوں۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر کا کام صرف بیٹنگ اور کیپنگ نہیں بلکہ اسے تو پوری ٹیم کو چلانے میں مدد کرنا ہوتی ہے، محمد رضوان کا بولرز کے ساتھ اچھا تال میل نظر آیا، وہ میچ کے 50فیصد معاملات چلا رہے تھے،شاداب خان کو چھکا پڑا تو سمجھانے کیلئے گئے،فیلڈ سیٹ کرنے میں بھی مدد کرتے رہے،ان میں کپتان کی خوبیاں موجود ہیں،انہوں نے دورہ انگلینڈ میں اچھا تاثر چھوڑا،وہ طویل عرصے پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔
تینوں فارمیٹ کھیلنے والی ٹیموں کے خلاف سنچریاں بنا نے کا خواہش مند ہوں، بابر اعظم
مانچسٹر (واضح رہے) پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان با بر اعظم نے کہا ہے کہ عمران خان اور یونس خان کی طرح پاکستان کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فاتح اور تینوں فارمیٹ کھیلنے والی ٹیموں کے خلاف سنچریاں بنا نے کا خواہش مند ہوں۔اپنے ایک انٹرویو میں دُنیا ئے کرکٹ کے بہترین بیٹسمین بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ناقابل شکست بنانے کے مشن پر گامزن ہوں،ٹیم میں شامل ینگ پلیئرز میں بڑا ٹیلنٹ ہے ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ہیڈ کوچ مصباح الحق، بولنگ کوچز وقار یونس اور مشتاق احمد سخت محنت کر رہے ہیں،نوجوان کھلاڑی جلد ہی اپنی تمام تر صلاحتیں برئے کار لا کر پاکستان ٹیم کو فتوحات کے ٹریک پر ڈال دیں گے
ایک سوال کے جواب میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا شیڈول آگے بڑھ چکا ہے لہٰذا ہمارے پاس اب کافی وقت ہے کہ ہم ایک متوازن ٹیم کی تشکیل کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیں اور ان میں سے بہترین ٹیم تیار کرسکیں،اس وقت ہمارے پاس تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ باصلاحیت نوجوان کھلاڑی موجود ہیں، ذاتی طور پر میں خود ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا منتظر ہوں کیونکہ اس سے قبل میں کسی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں نہیں کھیلا، میں بطور کھلاڑی اور کپتان اپنا پہلا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فتح کے ساتھ یاد گار بنانا چاہتا ہوں اور بائیو ببل میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلنے کو بھی تیار ہوں۔
پاکستان کرکٹ میں شفیق ’پاپا‘ کے بعد شعیب ”با با“موضوع بحث
لاہور (واضح رہے)پاکستان کرکٹ میں سابق ٹیسٹ کرکٹر شفیق پاپا کے بعد اب شعیب ملک ”با با“ موضوع بحث بن گئے۔ پاکستان کی موجودہ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم میں شامل تین کرکٹر زپیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب سے شعیب ملک قومی ٹیم کا حصہ ہیں، ہیڈکوچ مصباح الحق سے سینئر اور 21 سال سے پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے، ان کے کیرئر کو سامنے رکھتے ہوئے موجودہ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ان سے موازنہ کیا جارہا ہے۔شعیب ملک نے جب پاکستان کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلا تو اس وقت موجودہ پاکستانی ٹیم کے اہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ اور نوجوان بلے باز حیدر علی اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔
38 سالہ شعیب ملک نے 14 اکتوبر 1999 کو قومی ٹیم کے لیے پہلا ون ڈے میچ کھیلا تھا، وہ اب تک 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 114 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔شعیب ملک نے جب کیرئر کا آغاز کیا تو لیگ اسپنر شاداب خان، فاسٹ بولر محمد حسنین صرف ایک سال کے تھے، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور خوش دل شاہ کی عمر ابھی صرف چار چار سال تھی، فاسٹ بولر حارث روف پانچ، محمد عامر اور محمد رضوان سات سات سال کے تھے۔ افتخار احمد اور فخر زمان کی عمر نو نو سال تھی،عماد وسیم دس سال، سرفراز احمد بارہ سال، وہا ب ریاض چودہ سال، محمد حفیظ انیس سال کے تھے۔قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق بھی شعیب ملک کے دوسال بعد پاکستان ٹیم کا حصہ بنے۔ پروفیسر محمد حفیظ نے چار سال بعد اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ شعیب ملک نے جس انگلش ٹیم کے خلااف اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، اس میں سے اب کوئی بھی ٹیم کا حصہ نہیں، ان میں سے مائیکل وان، ایتھرٹن وغیرہ تو اب عرصے سے کرکٹ پر تبصرہ کررہے ہیں جبکہ بعض کوچ بن چکے ہیں۔