نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے مبارک زیب نے کہا کہ تحریک انصاف نے میرے بھائی شہید ریحان زیب کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا اسی لیے ترامیم کیلئے ووٹ دینے کا فیصلہ کیا، میرے بھائی کی روح کو میرے فیصلے سے سکون مل گیا ہو گا۔
مبارک زیب نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے میرے حلقے کے لیے فنڈز جاری کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا جبکہ حکومت سے مشیر بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ مرکزی حکومت سے اپنے بھائی شہید ریحان زیب کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے، تحریک انصاف کے ٹکٹ پر نہیں میں نے انتخابات میں آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے تو مجھے اپنے پارلیمانی پارٹی وٹس ایپ گروپ تک میں شامل نہیں کیا، میرے ساتھ پی ٹی آئی نے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ تحریک انصاف کا رویہ ایسا ہی رہتا ہے اور وفاقی حکومت بھی تعاون نہ کرتی تو میرے علاقے کا کیا بنتا؟ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے آج تک اپنے علاقے کیلئے ایک پائی تک نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایکسائز پولیس کی ایک گاڑی مجھے فراہم کی تھی جو واپس لے لی گئی، میں نہ تو تحریک انصاف سے وابستہ ہوں اور نہ ہی کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے۔ واضح رہے کہ ایم این اے مبارک زیب باجوڑ سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے شہید کارکن ریحان زیب کے بھائی ہیں، عام انتخابات سے پہلے NA-8 باجوڑ سے آزاد امیدوار منتخب ہونے والے ریحان زیب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔